اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا کیسز میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ملک بھر میں تعلیمی ادارے چوبیس نومبر سے اکتیس جنوری تک بند کرنے کی تجویز دیدی گئی ہے۔
اس کے علاوہ تعلیمی سیشن مارچ کے بجائے مئی میں ختم، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات جون دو ہزار اکیس تک لے جانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ حتمی فیصلہ 23 نومبر کو صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں ہوگا۔
وفاقی وزارت تعلیم نے تعلیمی اداروں کیلئے یہ تجاویز صوبوں کو بھجوا دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق تعلیمی ادارے بند کرنے کے حوالے سے تین تجاویز سامنے آئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کو 24 نومبر سے 31 جنوری تک بند کر دیا جائے۔
تجویز میں کہا گیا ہے کہ 24 نومبر سے پرائمری سکولز، 2 دسمبر سے مڈل سکولز، اور 15 دسمبر سے ہائیر سیکنڈری سکولز بند کر دیئے جائیں۔ اس کے علاوہ تعلیمی سیشن کو 31 مئی تک بڑھانے اور انٹرمیڈیٹ امتحانات جون 2021ء میں لینے کی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس میں ہوگا۔ 23 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں صوبے اپنی تجاویز لائیں گے۔
ادھر اسلام آباد کے مزید 3 تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد انھیں سیل کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ ماڈل کالج فار بوائز آئی ٹین ون میں تین کیسز، جی 15 میں واقع نجی سکول میں دو کیسزجبکہ جی ٹین فور میں واقع نجی سکول میں تین کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اس سے پہلے 131 تعلیمی اداروں کو دو یا دو سے زائد کیسز نکلنے پر سیل کیا جا چکا ہے۔