لاہور: (دنیا نیوز) پارلیمانی سیکریٹری قومی صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ چار سے پانچ عالمی کمپنیوں سے کورونا ویکسین کیلئے رابطہ ہے، حکومت اس مہینے کے آخر تک کورونا ویکسین کے آرڈر دیدے گی۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کچھ ویکسین جنوری کے شروع میں پاکستان کو موصول ہو جائیں گی۔ چاہے قیمت کچھ بھی ہو، حکومت شہریوں کو مفت ویکسین لگائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ 186 ممالک کی تنظیم ‘’کوویکس’’ سے سستے داموں ویکسین ملے گی۔ پاکستان ‘’کوویکس’’ کے پلیٹ فارم سے بھی ویکسین خریدے گا۔ پوری دنیا ویکسین کی بکنگ کر رہی ہے، ہمارا بھی سب سے رابطہ ہے۔
ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ ویکسین کی دستیابی اور تعداد کو مدنظر رکھ کر آرڈر دے رہے ہیں۔ فائزر نے مائنس 80 ڈگری کنٹینرز میں ویکسین پہنچانے کا کہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی ویکسین ٹرائل میں چار ہزار پاکستانی رضا کاروں کو لگ چکی ہے۔ چائنیز ویکسین ٹرائل کے 6 ہفتوں بعد اینٹی باڈیز ٹیسٹ ہونگے۔ ویکسین ٹرائل کے بعد خون کے کچھ نمونے چین بھی جائیں گے۔ چینی ویکسین کے ٹرائل ٹیسٹ کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تین کمپنیوں سے ویکسین خریداری کے مذاکرات ہو رہے ہیں۔ ویکسین خریداری کیلئے 10 کروڑ ڈالر کی منظوری مل چکی ہے۔ کوویکس پلیٹ فارم ملکی 20 فیصد آبادی کو ویکسین فراہم کریگا۔