کورونا کیسز میں اضافہ: کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن

Published On 23 November,2020 10:17 am

حیدرآباد: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے کراچی کے بعد حیدر آباد میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا۔ آج سے 5 دسمبر تک علاقے سیل رہیں گے۔

حیدر آباد کے علاقے بلدیہ کالونی، مبارک کالونی، صحافی کالونی اور گلستان فاطمہ میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ دامن کوہسار، ائیرپورٹ روڈ، نسیم نگر چوک، قاسم آباد اور بھٹائی نگر کے علاقے بھی بند رہیں گے۔ سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل سٹورز ہسپتال مکمل کھلے رہیں گے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 34 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 696 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 76 ہزار 929 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 756 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 14 ہزار 508، سندھ میں ایک لاکھ 63 ہزار 329، خیبر پختونخوا میں 44 ہزار 599، بلوچستان میں 16 ہزار 810، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 542، اسلام آباد میں 27 ہزار 18 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 123 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 52 لاکھ 16 ہزار 955 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 929 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 30 ہزار 885 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 677 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 34 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 696 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 861، سندھ میں 2 ہزار 829، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 327، اسلام آباد میں 279، بلوچستان میں 161، گلگت بلتستان میں 95 اور آزاد کشمیر میں 144 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement