سندھ میں سکولز کھلے رکھنے اور بچوں کو نہ بلانے کا فیصلہ

Published On 23 November,2020 02:50 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں سکولز کھلے رکھنے اور بچوں کو نہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے میں بغیر امتحانات کسی کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا، سکولز چاہیں تو ہفتہ میں ایک دن بچوں کو بلا سکیں گے۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا تھا سندھ میں سکول 26 نومبر سے 24 دسمبر تک ہوم بیس تعلیم دینگے، اس دوران سکولز کھلیں رہیں گے تاہم بچوں کو نہیں بلایا جائے گا، این سی او سی میں تجویز دی تھی کہ تمام تعلیمی ادارے بند نہ کئے جائیں، 73 فیصد انرولمنٹ والے پرائمری سکولز کو بند کرنے کا کہا تھا، کلاس 6 اور اس سے آگے کی تمام کلاسز کو جاری رکھنے کی تجویز دی تھی۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے 26 نومبر سے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ شفقت محمود نے کہا بچوں کو آن لائن طریقے سے تعلیم دی جائے گی، 24 دسمبر تک گھر سے تعلیم جاری رہے گی۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک سردیوں کی چھٹیاں ہوں گی، 11 جنوری کو تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے، دسمبر میں ہونے والے امتحانات ملتوی ہوں گے۔ انہوں نے کہا ہاسٹلز میں ایک تہائی طلبا کو رہنے کی اجازت ہوگی، اساتذہ کو بلانے کا فیصلہ سکول انتظامیہ کرے گی۔

شفقت محمود نے کہا کہ نصاب مکمل کرنے کیلئے گرمیوں کی چھٹیاں کم کر دی جائیں گی، مارچ اور اپریل میں ہونیوالے امتحانات مئی، جون میں کرانے کی تجویز ہے، اساتذہ کو بلانے کا فیصلہ سکول انتظامیہ کرے گی، ووکیشنل اداروں کو بند نہیں کر رہے، ووکیشنل اداروں میں تربیت کا عمل جاری رہے گا، میڈیکل اور انجینئرنگ کالج کے امتحانات بھی ملتوی ہوں گے۔
 

Advertisement