اسلام آباد: (اے پی پی) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان لازوال دوستی باہمی اعتماد اور بھروسے پر قائم ہے۔ ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان میں ریل کے شعبے میں انقلاب آئیگا۔
تفصیل کے مطابق وزیر ریلوےشیخ رشید احمد سے پاکستان میں تعینات چین کے نئے سفیرنونگ رونگ نے ملاقات کی جس میں پاکستان چین تعلقات اور ریل منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ریلوے کے کراچی پشاور مین لائن ون منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان لازوال دوستی باہمی اعتماد اور بھروسے پر قائم ہے۔ ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان میں ریل کے شعبے میں انقلاب آئیگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ ایم ایل ون منصوبے کے لئے چینی اشتراک پر بے حد مشکور ہیں۔ اس سے تعلقات میں مزید بہتری آئیگی۔
وزیر ریلوے نے پاکستان میں تعینات نئے چینی سفیر کو وزارت ریلوے آنے پر خوش آمدید کہا اور انھیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ نئے سفیر نے پاکستان چین تعلقات میں مزید بہتری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تعلقات کا مظہر ہے۔