اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بارڈرز کو محفوظ بنانے کے حوالے سے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
تفصیل کے مطابق حکومت نے بارڈر مینجمنٹ سسٹم کیلئے خصوصی ڈویژن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈویژن کے سربراہ ہوں گے۔
یہ اہم فیصلہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں موجودہ بارڈر مینجمنٹ سسٹم کو مزید فعال اور بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10 مختلف وفاقی وزارتیں اور صوبائی حکومتیں بارڈر مینجمنٹ سے وابستہ ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی سطح پر بارڈر کے معاملات کو دیکھنے کیلئے کوئی مرکزی ادارہ موجود نہیں ہے۔ پاکستان میں زمینی، ہوائی اور بحری راستوں سے داخل ہونے والے افراد کی تفصیلات ایک جگہ اکٹھا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
اجلاس کو مختلف بارڈر کراسنگ پر نصب نظام اور بارڈر فنسنگ پر ہونے والے کام کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ غیر قانونی راستوں کی بندش اور سمگلنگ کی روک تھام سے ملکی معیشت کو ایک سال کے دورانیے میں اربوں روپے کا فائدہ ہوا ہے۔
اس دوران وزیراعظم عمران خان نے تمام متعلقہ اداروں کو بروقت ڈیٹا شیئرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد لیکن محفوظ بارڈرز پر یقین رکھتی ہے۔