العزیزیہ، ایون فیلڈ ریفرنسز: اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دیدیا

Published On 02 December,2020 02:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ سٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو بذریعہ اشتہار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دے دیا ہے۔

ضمانتی مچلکے بحق سرکار ضبط کرنے کی کارروائی کے لیے ضامنوں کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر کے 9 دسمبر کو طلب کر لیا گیا۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی طلبی کے حوالے سے اشتہارات کی ترسیل کی تصدیق شدہ رسید پیش کی گئیں۔

نیب نے نواز شریف کی اپیلیں مسترد کرنے کی استدعا کی۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا عدالت کی معاونت کریں اور عدالتی نظیریں پیش کریں کہ اشتہاری کی اپیل کا کیا کیا جانا چاہیے؟

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ اس عدالت نے ارشد ملک کا کنڈکٹ بھی دیکھنا ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا جج ارشد ملک نے ایک بیان حلفی دیا تھا، جسے ہم نے انتظامی اختیارات کے تحت ریکارڈ کا حصہ بنا دیا ہے۔ سماعت نو دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
 

Advertisement