لاہور: (دنیا نیوز) میجر شبیر شریف نشان حیدر کے یوم شہادت کے موقع پر لاہور میں ان کے مزار پر پروقار تقریب منعقد ہوئی، میجر جنرل رضا آزاد نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی طرف سے پھول چڑھائے۔
میجر شبیر شریف کا آج 49 واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے، انہوں نے 1965 اور 71 کی پاک بھارت جنگ میں شجاعت کی تاریخ رقم کی۔ نشان حیدر اور ستارہ جرات حاصل کرنے والے پاک فوج کے منفرد افسر میجر شبیرشریف شہید 28 اپریل 1947 کو ضلع گجرات کےقصبہ کنجاہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1964 میں 21 سال کی عمر میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی، 1965 کی جنگ میں بحیثیت سیکنڈ لیفٹیننٹ شریک ہوئے اوربہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے چار بھارتی سپاہیوں کو جنگی قیدی بنایا اور دشمن کی دو توپیں بھی تباہ کیں۔ جنگ میں کمال بہاردی کا اعتراف کرتے ہوئے شبیر شریف کوستارۂ جرأت سے نوازا گیا۔
1971 کی پاک بھارت جنگ میں بھی میجر شبیر شریف کی قیادت میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر سکس ایف ایف رجمنٹ نے دشمن کی فوج کو تہس نہس کر دیا۔ جنگ کے دوران بھارتی میجر نارائن سنگھ نے میجر شبیر شریف کی پوزیشن کے قریب آ کر انہیں للکارا تو پاک فوج کا یہ بہادر افسر اپنی پوزیشن سے نکل کر دشمن کے سامنے آ گیا۔
نارائن سنگھ نے ہینڈ گرنیڈ میجر شبیر شریف پر پھینکا جس سے ان کی وردی کو آگ لگ گئی لیکن شبیر شریف نے بھارتی میجر کو نیچے گرایا اور اسی کی اسٹین گن سے جہنم واصل کر دیا۔ محاذ جنگ پر دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے میجر شبیر شریف 6 دسمبر 1971 کو جام شہادت نوش کر گئے ، قوم کو وطن پر قربان ہونے والے اس بہادر بیٹے پر ناز ہے۔