اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت ایک سٹیٹ سپانسر دہشت گرد ملک ہے، اب اقوام متحدہ کو خود اسے لسٹ میں ڈالنا چاہیے۔ پاکستان کو ہائبرڈ وار کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں انتہائی اہم معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چور پکڑا گیا ہے اب اسے جیل پہنچانا دنیا کی ذمہ داری ہے۔ ہر جگہ اس معاملے کو لے کر جائیں گے۔ ہم اب پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اب ہائبرڈ وار پر تنقید کرنے والوں سے بھی سوال پوچھا جائے۔
معاون خصوصی قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ اب کوئی شک نہیں رہ گیا ہے۔ ہم دنیا کے سامنے اپنا موقف رکھتے رہیں گے۔ ہم نے دنیا سے بات کرنی ہے کہ اس کے بعد اور کیا ثبوت چاہیں۔
انہوں نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں ابھی تک دنیا کی طرف سے جو رسپانس آنا چاہیے نہیں آیا تاہم بھارت کے اردگرد شنکجہ مضبوط ہو رہا ہے۔ دنیا کو اب سمجھ آگئی ہے کہ پاکستان جو کہتا ہے، وہ سچ ہے۔
معید یوسف کا کہنا تھا کہ بھارت جو کچھ کر رہا ہے اسے تو ریاست کہنا بھی مناسب نہیں، ایسی جعلی این جی اوز اقوام متحدہ کو بیوقوف بنا رہی ہیں۔ ڈوزیئر اور یورپ میں پروپیگنڈے کی رپورٹ کے بعد دنیا کو ہماری بات ماننی چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ہماری بات نہ مانی گئی تو کیا مطلب یہ ہے کہ خطے میں امن نہ آئے؟ سٹیٹ سپانسر دہشت گرد ملک کو اب اقوام متحدہ کو خود لسٹ میں ڈالنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتی کہ بھارت ریاست ہے یا دہشتگرد مافیا بن گیا ہے۔ مجھے تو لگتا ہے ہمارا ہمسایہ سارا دن پاکستان کے خلاف جھوٹ بولنے پر لگا دیتا ہے۔ ہم نے ڈوزیئر میں دکھایا کہ ڈائریکٹ دہشت گردی ہو رہی ہے۔
معید یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ہائبرڈ وار کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یورپ میں پاکستان دشمن پروپیگنڈا بے نقاب ہونے پر تمام ابہام کو اب ختم ہو جانا چاہیے۔ ہم نے بارہا کہا ہے کہ ہائبرڈ وار ہو رہی ہے۔