پی ڈی ایم کو 13 دسمبر کو جلسے کی اجازت نہ دینے کی منظوری

Published On 11 December,2020 01:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں پی ڈی ایم کو 13 دسمبر کو جلسے کی اجازت نہ دینےکی منظوری دے دی گئی۔

پی ڈی ایم جلسے کے حوالے سے صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، جلسہ کرنے پر پی ڈی ایم کے تمام رہنمائوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ مینار پاکستان کو جانے والے راستے بند نہیں کئے جائیں گے، اگر بہت ضروری ہوں تو صرف دو مقامات پر کنٹینرز کھڑے کئے جا سکتے ہیں۔

اجلاس میں رپورٹ پیش کی گئی کہ مینار پاکستان میں 13دسمبر سے متعلق تھریٹ الرٹس موجود ہیں ، کورونا ایس او پیز اورکوویڈ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر حکومت پنجاب کی جانب سے قانونی ایکشن لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ محکمہ داخلہ کے اجلاسوں کے بعد معاملہ صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی میں رکھا گیا تھا۔

 اجلاس میں وزیر قانون راجہ بشارت، سیکرٹری داخلہ مومن آغا اور دیگر انٹیلی جنس اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جلسہ کی اجازت نہیں، قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی، جو جلسے اور ریلیوں کے شرکا کو سہولیات دیں، ان کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔


 

Advertisement