لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے جلسوں سے شہرت پانے والے ڈی جے بٹ کو گرفتاری کے 24 گھنٹے بعد رہائی مل گئی۔ ماڈل ٹاؤن کچہری نے آصف نذر بٹ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔
ماڈل ٹاؤن پولیس نے ڈی جے بٹ کو عدالت پیش کیا۔ پولیس نے ماڈل ٹاؤن کچہری کی عدالت سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ آصف نذر کے وکیل نے بتایا کہ ڈی جے بٹ پر مقدمہ کی نوعیت سیاسی ہے۔ عدالت نے 50 ہزار کے مچلکوں کے عوض ڈی جے بٹ کو رہا کرنے کا حکم دیا۔
رہائی ملنے پر ڈی جے بٹ کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پتیاں نچھاور کی گئیں۔ ڈی جے بٹ نے کہا کہ پولیس نے گالیاں دیں اور تشدد کا نشانہ بنایا، اپوزیشن کے جلسہ کے لیے کسی نے رابطہ نہیں کیا، آج بھی عمران خان کا ٹائیگر ہوں۔