سیاسی جماعتیں کورونا سے بچنے کیلئے حکومتی گائیڈ لائنز فالو کریں:لاہورہائیکورٹ

Published On 09 December,2020 06:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ڈی ایم کا جلسہ رکوانے کے خلاف درخواست کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں کورونا سے بچنے کیلئے حکومتی گائیڈ لائنز فالو کریں۔

یہ فیصلہ لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس جواد حسن کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ 14 صفحات پر مشتمل تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ جلسہ کرنا ہر شہری کا آئینی حق ہے۔ دو روز میں پی ڈی ایم کو جلسہ کرنے یا نہ کرنے سے متعلق پنجاب حکومت فیصلہ کرے۔

عدالت عالیہ کی جانب سے جاری تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ درخواستگزار متاثرہ فریق نہیں ہے۔ عدالت جلسے کی اجازت سے متعلق معاملہ حکومت کے پاس پینڈنگ ہے۔ حکومت دو دن میں جلسے کی اجازت کے حوالے سے فیصلہ کرے۔

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اور افراد کورونا سے بچنے کے لیے حکومتی گائیڈ لائنز کو فالو کریں۔ اس موقع پر انتظامی معاملات میں عدالت کو مداخلت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت حکومتی پالیسیوں میں مداخلت نہیں کر سکتی۔ تمام متعلقہ ادارے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
 

Advertisement