عمران خان دو دن سے ہاتھ جوڑ کر این آر او مانگ رہے ہیں، مریم نواز شریف

Published On 10 December,2020 03:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کو استعفوں کیلئے ابھی باقاعدہ طور پر نہیں کہا گیا ہے۔ عمران خان دو دن سے ہاتھ جوڑ کر این آر او مانگ رہے ہیں۔ حکومت جلد ہی انجام کو پہنچے گی۔

تفصیل کے مطابق 13 دسمبر کو مینار پاکستان پر جلسے کا ماحول بنانے کیلئے مسلم لیگ (ن) متحرک ہو گئی ہے۔ مریم نواز نے گجومتہ سے داتا دربار تک ریلی کی قیادت کی اور مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے داتا دربار کے مزار پر حاضری دی۔

لاہوری گیٹ کے باہر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈھائی سال میں روٹی، بجلی، گیس اور ادویات مہنگی ہو گئی ہیں۔ یہ حکومت لاہورنے نہیں بنائی مسلط کی گئی، لاہور حکومتیں بناتا اور گراتا بھی ہے، اس حکومت کو لاہور گرانے جا رہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ خود آپ کو دعوت دینے آئی ہوں۔ میاں صاحب نے کہا خود جا کر لاہوریوں کو دعوت دینا۔ لاہور میں پی ڈی ایم کا آخری جلسہ ہے۔ لاہور جب بولتا ہے تو پاکستان بولتا ہے۔ 13 دسمبر کو مینار پاکستان میں لاہور بولے گا۔ دو دن میں لاہور والوں کا جذبہ دیکھ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف آج بھی آپ کے حق کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔ مسلم لیگ کو بدنام کرانے کے لیے حکمرانوں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ کبھی چور تو ڈاکو کبھی اور مودی کا یار کہا گیا۔ مریم نواز نے اپنے خطاب کے اختتام پر جلسے میں شریک لوگوں سے وعدہ لیا کہ چاہے آندھی آئے یا طوفان وہ 13 دسمبر کو مینار پاکستان جلسے میں پہنچیں۔

ریلی سے قبل جاتی امرا میں میڈیا نمائدوں سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس ملک کی خدمت (ن) لیگ نے کی اور وہی کرے گی، اس ملک میں مستقبل صرف (ن) لیگ کا ہی ہے۔ ڈی جے بٹ کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی جلسوں میں خدمات دیتے رہے، ہم ان پر تشدد اور حراست کی مذمت کرتے ہیں۔ اب عمران خان کا مقابلہ نواز شریف نہیں بلکہ ڈی جے بٹ سے ہے۔ نواز شریف کا مقابلہ عمران خان نہیں بلکہ لانیوالوں سے ہے، یہ حکومت جلد انجام کو پہنچے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان پی ڈی ایم سے ہاتھ جوڑ کر این آر او مانگ رہے ہیں، (ن) لیگ نے باقاعدہ استعفوں کیلئے کسی کو نہیں کہا، (ن) لیگ 13 دسمبر کے بعد استعفے لے گی۔

دوسری جانب ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا اپوزیشن کے احتجاج پر کنٹینر فراہم کروں گا، لیگی کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، کارکنوں نے ردعمل دیا توذمہ دار پنجاب حکومت، عمران خان ہوں گے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت روز بیان دیتی ہے جلسہ نہیں روکیں گے، عوامی ردعمل نہیں رک سکتا، گرفتاری کی دھمکیوں کے باوجود کوئی جلسہ نہیں رکا، عمران خان کا مقابلہ پی ڈی ایم سے نہیں، ڈی جے بٹ سے ہے، عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈال دینا چاہیئے، ڈی جے بٹ سے مقابلے کے بعد یہ بھاگ سکتے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا حکومت ہوش کے ناخن لے، آپ ایف آئی آر کاٹیں، ہم فریم کرا کے گھر میں لگائیں گے، گلے کا ہار بنائیں گے، یہ نفسیاتی اور جمہوری جنگ ہار چکے ہیں، استعفعوں سے پہلے گھر جانے والے ہیں، مینار پاکستان گراؤنڈ میں 13 دسمبر کو جلسہ ہوگا، عوام آٹا، چینی اور ووٹ چوروں سے چھٹکارا حاصل کرے گی۔
 

Advertisement