بلوچستان اسمبلی: اپوزیشن اراکین نے استعفے پارلیمانی قیادت کے حوالے کر دیئے

Published On 11 December,2020 06:28 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) پی ڈٰی ایم کی جانب سے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد بلوچستان کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ اراکین اسمبلی نے استعفے پارلیمانی قیادت کے حوالے کر دیئے ہیں۔

تفصیل کے مطابق ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی سیاسی ہلچل عروج پر پہنچ گئی ہے۔ پی ڈی ایم کی جانب سے استعفوں کا آپشن استعمال کرنے کے اعلان کے بعد بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں بی این پی مینگل، جے یو آئی اور پی کے میپ کے اراکین نے استعفے پارلیمانی لیڈرز کے پاس جمع کرا دیئے ہیں۔ اپوزیشن اراکین کا کہنا ہے کہ عوام کے مفاد میں ہر جمہوری قدم اٹھاناچاہیے۔

بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کی 23 نشستیں ہیں۔ جن میں سے جمعیت علمائے اسلام (ف) 10، بی این پی مینگل، 10، مسلم لیگ (ن) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی ایک، ایک جبکہ ایک آزاد رکن ہے۔ ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ اگر استعفی دینے والوں کی تعداد زیادہ ہو تو ضمنی نہیں جنرل الیکشن ہوں گے ۔

ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹرین استعفے نہ دیں بلکہ 5 سال پورے کریں۔ دوسری جانب آزاد رکن اسمبلی نواب اسلم رئیسانی نےبھی استعفی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ تاہم نواب ثناء اللہ زہری کی جانب سے استعفی دینے یا نہ دینے کا موقف سامنے نہیں آ سکا ہے۔

 

Advertisement