پشاور: کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، 73 شہریوں کو جرمانے، 18 ریسٹورنٹس سیل

Published On 12 December,2020 11:19 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں انتظامیہ نے کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بی آرٹی سٹیشنوں و بسوں میں ماسک استعمال نہ کرنے پر شہریوں کو جرمانہ کر دیا، دو بینک بھی سیل کر دیئے گئے۔

انتظامیہ کے مطابق کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پشاور کے مختلف بازاروں میں کریک ڈاؤن کیا گیا۔ بی آر ٹی بس سٹیشنز اور عوامی بسوں میں ماسک استعمال نہ کرنے پر 73 شہریوں کو جرمانہ کیا گیا، بازاروں میں بغیر ماسک کے گھومنے پر 238 شہریوں کو جرمانہ کیا گیا۔

800 سے زائد گاڑی مالکان کو ماسک استعمال نہ کرنے پر جرمانہ کیا، کریک ڈاؤن کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 2 بینک اور مختلف علاقوں میں 18 ریسٹورنٹس سیل کئے گئے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 71 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 724 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار 56 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 729 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 26 ہزار 526، سندھ میں ایک لاکھ 92 ہزار 735، خیبر پختونخوا میں 51 ہزار 404، بلوچستان میں 17 ہزار 696، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 775، اسلام آباد میں 34 ہزار 300 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 620 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 59 لاکھ 90 ہزار 168 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 426 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 81 ہزار 208 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 470 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 71 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 724 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 320، سندھ میں 3 ہزار 132، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 455، اسلام آباد میں 358، بلوچستان میں 173، گلگت بلتستان میں 98 اور آزاد کشمیر میں 188 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement