اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا وائرس سے شرح اموات 2 فیصد ریکارڈ جبکہ مثبت کیسز کی شرح 6.59 فیصد ہوگئی۔ کراچی اور پشاور میں صورتحال بگڑ گئی۔
این سی اوسی نے کورونا کی دوسری لہرمیں مثبت کیسز کی شرح کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔ گزشتہ ایک روز میں ملک میں مثبت کیسز کی شرح 6.59 فیصد رہی۔ کراچی 20.88، پشاور 15.05، مظفرآباد 11.20 اور راولپنڈی میں مثبت کیسز کی شرح 9.94 فیصد رہی۔
صوبوں میں سندھ میں 12.91 ریکارڈ، بلوچستان میں مثبت کیسز کی شرح 10.48، آزاد کشمیر میں 8.70 فیصد مثبت کیسزکی شرح رہی۔ خیبرپختونخوا 4.12 اور پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 3.87 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ 58 فیصد زیرعلاج مریض وینٹٰی لیٹر پر موجود ہیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 71 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 724 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار 56 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 729 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 26 ہزار 526، سندھ میں ایک لاکھ 92 ہزار 735، خیبر پختونخوا میں 51 ہزار 404، بلوچستان میں 17 ہزار 696، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 775، اسلام آباد میں 34 ہزار 300 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 620 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 59 لاکھ 90 ہزار 168 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 426 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 81 ہزار 208 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 470 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 71 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 724 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 320، سندھ میں 3 ہزار 132، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 455، اسلام آباد میں 358، بلوچستان میں 173، گلگت بلتستان میں 98 اور آزاد کشمیر میں 188 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔