اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں، یہ منافق استعفوں کی ایک اور جھوٹی تاریخ دیں گے۔
معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم صفدر نے کہا تھا 8 دسمبر کو آر یا پار ہوگا، ہمیشہ کی طرح یہ بھی ایک جھوٹ تھا، کل کے جلسے میں یہ اپنے ارکان کے استعفے جمع نہیں کرا پائیں گے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے سٹیج پر موجود مریم صفدر سے لیکر بلاول زرداری تک 75 فیصد ملز مالکان یہی ہیں جو صبح شام آٹا، چینی چور کی گردان دہراتے نہیں تھکتے، کیا یہ حلفاً کہیں گے کہ ان کی شوگر ملز نے چینی 50 روپے کلو بیچی ؟ اگر نہیں بیچی ہے تو چینی چور کون ہوا ؟۔
انہوں نے کہا کہ اگر سندھ کی عوام کی جیب سے 20 کلو آٹے میں 700 روپے زائد نکلوائے جا رہے ہیں اور اضافی رقم کس کی جیب میں جا رہی ہے ؟ جلسوں میں جو گلا پھاڑ کر عوام کا رونا رونے کی ایکٹنگ کرتے نظر آتے ہیں، اصل میں عوام کی جیب پر ڈاکے یہی ڈالتے ہیں۔