لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر مینار پاکستان جلسے کی اجازت نہیں دی، فسادی پی ڈی ایم ٹولے کے بریک اَپ کا وقت آن پہنچا، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ دار جلسہ انتظامیہ ہوگی۔
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی ڈوبتی کشتی سے لوگوں نے چھلانگیں لگانا شروع کر دی، بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفیٰ نواز کا استعفیٰ پی ڈی ایم کی صفوں میں پھیلنے والی مایوسی کا آئینہ دار ہے، راجکماری صاحبہ کی ڈوبتی کشتی میں کوئی سوار نہیں ہو گا، آپ کے اپنے ممبران ہچکولے کھاتی کشتی سے چھلانگیں لگا کر وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سے رابطے میں ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ راجکماری صاحبہ پی ڈی ایم کی ماچس ہاتھ میں پکڑ کر پورے پاکستان کو آگ لگانے نکلی ہیں، پاکستان میں سب سے بڑے سیاسی جلسے کرنے کا اعزاز عمران خان کو حاصل ہے، یہ گیارہ جماعتیں مل کر بھی تحریک انصاف کے جلسوں کا ریکارڈ نہیں توڑ سکتیں، عمران خان عوامی لیڈر ہے، بھان متی کا کنبہ عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، حکومت آپ کے ناپاک عزائم کو قانون کی عملداری سے خاک میں ملا دے گی، تحریک انصاف کی حکومت اپنی ایمانداری اور محنت سے عوام کے دلوں پر راج کرتی رہے گی۔