پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے ایک اور لیڈی ڈاکٹر جاں بحق ہوگئیں۔ ڈاکٹر زیب النساء کورونا کے باعث نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ کبیر میڈیکل کالج میں پتھالوجی کی سربراہ تھیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے باعث ایک اور لیڈی ڈاکٹر جان کی بازی ہار گئیں۔ پروفیسر ڈاکٹرزیب النساء نجی ہسپتال میں گزشتہ ایک ہفتے سے زیر علاج تھیں، حالت بگڑنے پر انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
ڈاکٹر زیب النساء خیبر میڈیکل کالج پتھالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سابقہ سربراہ تھیں جہاں سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد کبیر میڈیکل کالج میں پتھالوجی کی سربراہ کے فرائض سرانجام دے رہی تھیں۔ پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق صوبہ میں کورونا وائرس سے جاں بحق ڈاکٹروں کی تعداد 28 ہوگئی، صوبائی حکومت کی جانب سے تاحال کسی شہید ڈاکٹر یا شہید ہیلتھ ملازمین کو شہدا پیکیج نہیں دیا گیا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 71 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 724 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار 56 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 729 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 26 ہزار 526، سندھ میں ایک لاکھ 92 ہزار 735، خیبر پختونخوا میں 51 ہزار 404، بلوچستان میں 17 ہزار 696، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 775، اسلام آباد میں 34 ہزار 300 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 620 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 59 لاکھ 90 ہزار 168 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 426 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 81 ہزار 208 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 470 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 71 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 724 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 320، سندھ میں 3 ہزار 132، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 455، اسلام آباد میں 358، بلوچستان میں 173، گلگت بلتستان میں 98 اور آزاد کشمیر میں 188 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔