لاہور: (ویب ڈیسک)سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ پاکستان کو اپنا گھر سمجھتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دو بھائیوں جیسے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار سعودی سفیر نواب بن سعید المالکی نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے دورہ سعودی عرب کی دعوت قبول کر لی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی ۔
یہ بھی پڑھیں: پالیسی نہیں بدلی، پاکستانیوں کو سعودی عرب سے واپس نہیں بھیج رہے: سعودی سفیر
ملاقات کے دوران سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ پاکستان کو پہلے کبھی تنہا نہیں چھوڑا ہے اورنہ ہی آئندہ چھوڑیں گے۔ ہم پاکستان کو اپنا گھر سمجھتے ہیںاور اسکی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہیں ۔ سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دو بھائیوں جیسے ہیں۔
گورنر پنجاب چودھری محمدسرور نے دونوں ممالک کے تعلقات کو چٹان سے مضبوط قرار دیدیتے ہوئے کہا کہ خادمین حرمین شریفین کا احترام ہر مسلمان پر لازم ہے۔ انشاءاللہ دونوں ممالک ہر محاذ پر ایک دوسرے کیساتھ کھڑے ہوں گے۔ دونوں ممالک کے مثالی تعلقات 22کروڑ پاکستانیوں کیلئے قابل فخر ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر چلتا ہے اورپاکستان کی تعمیرو ترقی میں سعودی حکومت کا تعاون لائق تحسین ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، سفیر نواف بن سعید المالکی
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، سعودی عرب کی علاقائی سا لمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا دکھائی دے گا۔ وزیرا عظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے سعودی عرب کیساتھ جتنے تعلقات آج مضبوط ہوئے ہیں ماضی میں انکی کوئی اور مثال نہیں ملتی ۔