پی ڈی ایم رہنما بلیک میلرز، استعفے نہیں دیں گے: ڈاکٹر شہباز گل

Published On 13 December,2020 05:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے پی ڈی ایم رہنماؤں کو بلیک میلرز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کبھی استعفے نہیں دیں گے۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے 8 دسمبر کو استعفوں کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ابھی تک کسی نے سپیکر کو استعفے نہیں دیئے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ کل کے بجائے آج استعفے دیں، اگر یہ استعفے دیں گے تو بڑی خوشی والی بات ہوگی۔ تاہم یہ بلیک میلرہیں استعفے نہیں دیں گے۔ آج ان کے لیے شرمندگی میں ڈوب مرنے کا مقام ہے۔

ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ آج لاہور میں (ن) لیگ کی سیاسی قبر کھدی ہے۔ پاکستان مخالف بیانیے کا ان کو آج انجام بھگتنا پڑا۔ ان کے کالے کرتوت عوام کے سامنے آ چکے ہیں۔ گیارہ جماعتوں نے فلاپ جلسہ کیا ہے۔ یہ پاکستان مخالف بیانیہ نہ لیتے تو لوگ باہر نکلتے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ جلسے میں کتنے لوگ دنیا نیوز کی سکرین پر نظر آ رہا ہے۔ جلسے کا لانگ شارٹ سے نظر آ رہا ہے کہ پانچ سے چھ ہزار لوگ موجود ہیں۔

لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ مزاحیہ باتیں کرتے رہتے ہیں، وہ تو کہتے تھے کہ عمران خان کو شیروانی کا ایک بٹن بھی نہیں دیں گے۔
 

Advertisement