لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پی ڈی ایم کے لاہور جلسے کو فلاپ شو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک کھلاڑی نے گیارہ کھلاڑیوں کو چاروں شانے چت کر دیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی عوام نے پی ڈی ایم والوں کا ہی جلوس نکال دیا، کھودا پہاڑ نکلا چوہا۔ لاہوریوں نے ان کو گریٹر اقبال پارک کے کونے میں محدود کرکے اوقات یاد دلا دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیمرے مسترد شدہ سیاسی یتیم ٹولوں کی داستان بیان کر رہے ہیں۔ 150 ایکڑ کے پارک میں صرف 5 ایکڑ پر کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ پنڈال کے ہر اینگل پر کنٹرول روم کے کیمرے لگائے گئے ہیں۔
مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ راجکماری شاہی آداب کے خلاف گلی، گلی دعوت نامے بانٹتی رہی لیکن ایک کھلاڑی نے گیارہ کھلاڑیوں کو چاروں شانے چت کر دیا ہے۔ سیاسی سرکس کرنے والے پی ڈی ایم توبہ کرتے ہوئے اپنی اصلاح کرے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز کو سولو فلائٹ کا شوق لے ڈوبا۔ ہر ایم این اے کی بندوں کو لانے کے لیے حاضریاں لگائی گئی تھیں لیکن شاہی محل کی راجکماری کی کال پر عوام نے کان نہیں دھرے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور عثمان بزدار نے پی ڈی ایم کی خواہشات کو ملیا میٹ کردیا۔ راجکماری نے داتا کے شہر میں ایک سٹرٹیجی بنائی تھی جسے عوام نے رد کردیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پولیس نے کسی بھی جگہ مداخلت نہیں کی۔ لاہور کی طرف آنے والے تمام راستوں پر کوئی رکاوٹ نہیں تھی۔ لیکن آج کیمرے کی آنکھ نے جلسے کا منظر دیکھا۔ پچھلے کئی ہفتوں سے یہ لاہور کا جلسہ، جلسہ کر رہے تھے۔ عوام نے ان کی شو بازی اور رنگ باز جماعتوں کو مسترد کردیا۔
دوسری جانب عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کے متعلق ایسی بد زبانی صرف وہی کر سکتی ہیں۔ شریف خاندان کی غلامی کا طوق عظمیٰ بخاری کے گلے میں بالکل فٹ آیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کے چند سکوں سے عظمیٰ بخاری بھی مستفید ہوئی ہیں۔ شریف خاندان کی ٹی ٹیز کے معاملے پر عظمیٰ بخاری نہ جانے کیوں چپ سادھ لیتی ہیں؟ ٹی ٹیز کے حوالے سے وعدہ معاف گواہان کے بیانات شریف خاندان کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ عظمیٰ بخاری کو راجکماری کی کنیز دوئم کا درجہ مبارک ہو۔ عثمان بزدار جیسے شریف النفس انسان کا وزیراعلیٰ بننا شاہی خاندان کو ہضم نہیں ہو رہا۔