مینار پاکستان جلسے کی ذمہ داری ادا نہ کرنیوالوں سے پوچھا جائے گا: مریم نواز

Published On 14 December,2020 05:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کی کوشش تھی کہ مینار پاکستان جلسے میں 5 لاکھ کارکن جمع ہوتے، تاہم ایسا نہیں ہو سکا۔ جن لوگوں نے ذمہ داری ادا نہیں کی، ان سے پوچھا جائے گا۔

تفصیل کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو اور سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کچھ لوگوں نے جلسے کے حوالے سے پوری ذمہ داری نہیں نبھائی۔

خواجہ سعد رفیق نے پارٹی تنظیم میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ سزا اور جزا کاعمل ہونا چاہیے۔ جن لوگوں کو جلسے کی ذمہ داریاں دی گئیں، ان میں سے کچھ نے پوری ذمہ داری نہیں نبھائی۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز نے کہا کہ جنہوں نے ذمہ داری نہیں اٹھائی، ان سے سوال کیا جائے گا۔ جن لوگوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہمارا مقابلہ صرف عمران خان سے نہیں، سٹیبلشمنٹ سے بھی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پارٹی میں جونیئر ہونے کے باوجود آپ لوگوں نے جو مجھے عزت دی، میں اسے بھول نہیں سکتی۔ پی ڈی ایم کے فیصلے کے بعد استعفے کب استعمال کرنے ہیں، آپ سے مشاورت کی جائیگی۔ ہماری کوشش تھی کہ مینار پاکستان جلسے میں پانچ لاکھ افراد جمع ہوتے جو نہ ہو سکے۔

شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف نے جلسہ بارے مریم نواز کی تعریف کی۔ ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جلسہ کے انعقاد میں آپ نے بہت متحرک کردار ادا کیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عوام کو جس طرح آپ نے موبلائیز کیا، وہ قابل تعریف ہے۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر محمد شاہ نے کہا کہ مریم صاحبہ! آپ کی شکل میں ہمیں فاطمہ جناح اور بینظیر بھٹو نظر آتی ہیں۔
 

 

Advertisement