بے بنیاد مقدمات سے حکومت کو کچھ نہیں ملے گا: شاہد خاقان عباسی

Published On 15 December,2020 11:07 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بے بنیاد مقدمات سے حکومت کو کچھ نہیں ملے گا، وزیراعظم اور ان کے وزیر ہر وقت جھوٹ بولتے ہیں، یہ جتنی جلد گھر جائیں گے اتنا ہی قوم کا بھلا ہوگا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو ڈھائی سال سے سمجھ نہیں آرہی میرے خلاف کیس کیا ہے؟ انتظار ہے جس شخص کی شکایت پر نیب نے کیس کیا وہ پیش ہوتا یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی موجودہ حکومت کی کامیابی ہے کہ ڈیزل ایل این جی سے سستا ہے، جو کل ٹینڈر کھلا پاکستان وہ لینے کے قابل نہیں، دو ایل این جی شپس پر اب 11 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا ایل این جی کے آرڈر بروقت نہ کرنے سے نقصان 122 ارب سے تجاوز کرچکا، ایک وفاقی وزیر کا پاور پلانٹ ڈیزل پر چلتا تھا اسے ایل این جی پر چلانے سے کتنا فائدہ ہوا، وزرا نے تو کبھی شکایت نہیں کی کہ ٹرمینل غلط لگا تھا، آج پھر دو وزیر آکر مزید جھوٹ بولیں گے، پییٹرولیم بحران پر رپورٹ میں نے نہیں پڑھی، اگر وزیراعظم انکوائریاں کروا رہے ہیں تو ذمہ داروں کیخلاف کارروائی بھی کریں۔