اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں اٹارنی جنرل قانونی معاملات پر کابینہ کو بریفنگ دینگے۔
وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں وزارت خزانہ وفاق کی جانب سے صوبوں کو رقوم کی فراہمی اور وسائل پر بریفنگ دے گی۔ احساس کفالت پر سروے اور کورونا ریلیف فنڈ پر بریفنگ کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے جبکہ ایف نائن پارک میں موجود میٹرو پولیٹن کلب کی عمارت کے استعمال پر قائم کمیٹی رپورٹ پیش ہوگی۔
وزارت آئی ٹی کے ذیلی ادارے آئیگنائیٹ کے سی ای او کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔ سوئی ناردرن اور سدرن گیس کمپنیوں کے مستقل ایم ڈیز کی تعیناتی جبکہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے سی ای اوز کی تعیناتیاں بھی کابینہ ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ بیرون ملک پاکستان مشنز میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی تقرری بھی کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں پی ڈی ایم کی جانب سے احتجاج اور لانگ مارچ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور اپوزیشن کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی طے کی جائے گی۔