لاہور: (دنیا نیوز) 1971ء کی پاک بھارت جنگ میں شجاعت کی نئی داستان رقم کرنے والے لانس نائیک محمد محفوظ کا انچاسواں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔ دشمن کو ناکوں چنے چبوانے پر انہیں سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔
لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے 25 اکتوبر 1962ء کو 16 سال کی عمر میں فوج میں شمولیت اختیار کی۔ 1971ء کی جنگ میں واہگہ اٹاری کی سرحد پر بھارتی فوج کے شیلنگ سے ان کی مشین گن تباہ جبکہ دونوں ٹانگیں زخمی ہو گئیں۔
زخمی حالت میں بھی وہ ہندوستانی فوج کے اس بنکر میں گھس گئے جہاں سے پاک فوج کو نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ محمد محفوظ شہید نے ہندوستانی سپاہی کو گلے سے دبوچ لیا لیکن دوسرے فوجی نے ان پر خنجر سے حملہ کرکے شہید کر دیا۔
لانس نائیک محمد محفوظ کی بہادری کا اعتراف ہندوستانی فوجیوں نے بھی کیا۔ ان کی شہادت کے بعد 23 مارچ 1972ء کو انہیں سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا اور ان کے گاؤں پنڈ مالیکان کا نام بھی محفوظ آباد رکھ دیا گیا۔