ریلوے کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہوگا: وفاقی وزیر اعظم سواتی

Published On 19 December,2020 04:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا ہے کہ ریلوے کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہوگا، میرے تعلقات ریلوے کے لیے استعمال ہوں گے،ریلوے میں سیاست ہوگی نہ ہی بیرونی مداخلت۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے ریلوے ہیڈ کواٹرز لاہور میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے میں مینجمنٹ،آٹو مشین اور تکنیک کی کمی ہے۔ ادارے کی استعداد اور کارکردگی بڑھانی ہے، آمدنی کا براہ راست تعلق کارکردگی سے ہے جو ہم سے نہیں ہوسکتا۔ اسے فوری آئوٹ سورس کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے 1974 میں آخری بار ریلوے سے سفر کیا تھا، اس کے بعد گزشتہ روز بطور مسافر سیلون کی بجائے پارلر کار میں عوام کے ساتھ راولپنڈی سے لاہور تک کا سفرکیا جہاں بہتری کی ضرورت ہے اسے نوٹ کیا ہے جبکہ محکمہ کو منافع بخش بنانے کیلئے بہتری لائیں گے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی حلف اٹھا نے کے بعد جب ریلوے ہیڈکواٹرز لاہور پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا،ریلوے پولیس کے براس بینڈ نے وفاقی وزیر کو سلامی پیش کی۔

اس موقع پر چیئر مین ریلوے بورڈ حبیب الرحمن گیلانی،سی ای او ریلوے نثار احمد میمن اور آئی جی ریلوے پولیس عارف نواز بھی موجود تھے،لاہور ریلوے اسٹیشن پر وفاقی وزیر کا استقبال ڈی ایس لاہور عامر نثار،سی ای او اور ریلوے کے اسٹاف نے کیا۔