کنٹرول لائن پر خلاف ورزیاں، بھارتی سینئر سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

Published On 20 December,2020 02:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت کی لائن آف کنٹرول پر فائر بندی معاہدے کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج کیا گیا، ترجمان دفتر خارجہ کہتے ہیں بھارت کی پے در پے اشتعال انگزیزیاں علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں۔

بھارت کی لائن آف کنٹرول پر فائر بندی انتظام کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، بھارتی فورسز نے 19 دسمبر کو ایل او سی کے رکھ چکری سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی، نتیجے میں اکھوری گاؤں کی 25 سالہ لڑکی شدید زخمی ہو گئی جس پر پاکستان نے بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا اور احتجاجی مراسلہ تھمایا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ رواں برس بھارت فائر بندی انتظام کی 3003 خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزیوں سے 27 معصوم شہری شہید جبکہ 250 زخمی بھی ہوئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور اقدار کے منافی ہے۔ بھارت، ایسے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی انتہائی مخدوش صورتحال بارے دنیا کو گمراہ نہیں کر سکتا۔