لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں کھو کھر پیلس کی غیر قانونی دیوار گرانے کے دوران مزاحمت پر کھوکھر برادران کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، ایف آئی آر میں ملک شفیع، ملک افضل، ملک سیف ودیگر نامزد ہیں جن پر کار سرکارمیں مداخلت، اسلحہ لہرانے، روڈ بلاک کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
لاہور ایل ڈی اے کی جانب سے کھوکھر پیلس میں آپریشن کا معاملہ تھانہ نواب ٹاؤن میں کھوکھر برادران کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ 4 نامزد اور 100 سے زائد نامعلوم افراد کیخلاف کیا گیا ہے جو ایل ڈی اے کی جانب سے درج کروایا گیا۔ ملک افضل کھوکھر، ملک شفیع کھوکھر،ملک سیف الملوک کھوکھر،فیصل سیف کھوکھر اور دیگر شامل ہیں۔
گزشتہ روز ایل ڈی اے اورپولیس کو دیوار گرانے کے دوران شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا، علاقہ مکینوں اور لیگی کارکنوں نے شدید احتجاج کیا، پولیس کیخلاف نعرےبازی کی۔ مظاہرین آپریشن روکنے کیلئے بلڈوزر پرچڑھ گئے، خواتین بھی ڈنڈے سوٹے لے کرسامنے آگئیں۔ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اور اسسٹنٹ کمشنر کے کھوکھربرادران کے وکلاء سے مذاکرات ہوئے۔
دوگھنٹوں کی کوششوں کےباوجود آپریشن نہ ہو سکا، ایل ڈی اے، ضلعی حکومت اور پولیس کی ٹیمیں واپس لوٹ گئیں، بھاری مشینری محل سے ہٹا لی گئی۔