لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب تھرمل پاور پلانٹ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے، پاور پلانٹ سے سستی بجلی حاصل کی جاسکے گی، متبادل توانائی پلانٹ لگانے پر بھی توجہ مرکوز ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمٹیڈ اور بینکوں کے کنسورشیم کے مابین 100 ارب روپے کی فنانسنگ کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی پیداوار کیساتھ ترسیلی نظام میں بہتری لا رہے ہیں، سولر، ونڈ اور ہائیڈرو الیکٹرک سے سستی بجلی حاصل ہوتی ہے، پاکپتن اور ہیڈمرالہ میں 2 ہائیڈرو پاور پروجیکٹس مکمل کرچکے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ 7 ہزار پرائمری سکول، ایک ڈی ایچ کیو ہسپتال سولر پر منتقل کیا، وہاڑی، سمندری میں سولر اور بائیو گیس پاور پروجیکٹس لگائیں گے، منصوبے سے پنجاب انرجی کی پیداوار میں خودکفیل ہوگا، پنجاب دوسرے صوبوں کو بھی سستی بجلی فراہم کرنے کا اہل ہوگا۔