لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ سسٹم میں جمہوری اقدار لے کر آئیں گے، انہی جمہوری اقدار سے ہم آگے بڑھیں گے، ججز، وکلا باہمی مشاورت کے ساتھ انصاف فراہم کر رہے ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے لاہور میں پنجاب بار کونسل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلا اور ججز میں کوئی تفریق نہیں ہے، خواہش ہے وکلا برادری سیکھنے کے عمل میں ثابت قدم رہے گی، والد صاحب کی ہدایت پر ایک کیس میں جج سے معافی بھی مانگی، جج سے بالکل مت لڑیں، فیصلے سے اختلاف ہے تو راستہ موجود ہے، ہر معاملے پر وکلا کو اعتماد میں لیتے ہیں، وکلا کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔
چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ وکلا سے تمام معاملات پر مشاورت کی جاتی ہے، وکلا اور ججز کے درمیان دیوار کو گرا دیا، ججز کی تعیناتی پر وکلا کو اعتماد میں لیا گیا، ججز، وکلا باہمی مشاورت کے ساتھ انصاف فراہم کر رہے ہیں، وکلا کو جج صاحبان کے سامنے پرتشدد نہیں ہونا چاہیئے۔