کراچی: (دنیا نیوز) خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مردم شماری نتائج پر تحفظات، وفاقی کابینہ کے فیصلے کے بعد سندھ کےشہری خود کو تنہا محسوس کر رہے ہیں، وزیراعظم بتائیں حکومت میں کیوں شامل رہیں، ایوانوں سے سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔
ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق کے ہمراہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کیا ہم منتخب ایوانوں سے بھی باہر آجائیں ؟ ایسا نہ ہو سندھ کے شہری مایوس ہو کر خود کو الگ کرلیں، سندھ کے شہری علاقوں سے متعلق ہمیشہ شکایات رہیں، کراچی کی آبادی متعدد بار 25 فیصد دکھائی گئی، حکومت میں شامل ہوتے وقت پہلا نقطہ ہی مردم شماری رکھا تھا۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ گزشتہ مردم شماری 8 سال تاخیر سے ہوئی، وعدہ کیا گیا اس بار قبل از وقت مردم شماری ہوگی، پی ٹی آئی کو یاد ہی نہیں رہتا کہ کراچی کا مینڈیٹ اس کے پاس ہے۔