'قائداعظم کا دو قومی نظریہ درست ثابت، بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں تنگ ہیں'

Published On 25 December,2020 01:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ قائداعظم کا دو قومی نظریہ آج درست ثابت ہوا ہے، بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں ہندوؤں کے ظلم سے تنگ ہیں، پاکستان کے اندر تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔

یوم قائداعظم اور کرسمس کے موقع پر ویڈیو پیغام میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے دو قومی نظریہ ہندوؤں کی ذہنیت کو بھاپنتے ہوئے ہی دیا تھا، اس وقت کسی کو سمجھ نہیں آ رہی تھی۔ اس میں کچھ وقت تو لگا لیکن آج دو قومی نظریہ ہی درست ثابت ہواہے۔ آج ہندوستان کے مسلمانوں سے پوچھیں ان کا کیا حال ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قائداعظم کا فرمان ہے کہ ہماری نجات کا راستہ صرف اور صرف ہمارے پیارے نبی خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کا اسوۂ حسنہ ہی ہے، بے شک دین محمدیﷺ ہی تمام انسانیت کیلئے نظام حیات ہے۔ اسی میں ریاست کی بنیاد اور ہر طبقہ کیلئے انصاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ سب کچھ خیریت سے ہو، ہم نے اپنے دور حکومت میں تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا خیال رکھا، اقلیتوں کیلئے پہلی مرتبہ الگ وزارت قائم کی، بجٹ میں ان کے چرچوں کی مرمت و بحالی کیلئے فنڈز رکھے اور کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دئیے۔
 

Advertisement