اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مسلم لیگ (ن) کے اراکین کی جانب سے استعفوں کی تصدیق سے انکار پر ان کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کی اور بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی نے آج سیکرٹری اسمبلی سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے انکار کیا اور بتایا کہ یہ استعفے ہمارے نہیں ہیں۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ دونوں ارکان نے بتایا کہ یہ استعفے جعلی ہیں۔ کل دونوں ارکان اسمبلی کے استعفوں سے متعلق رائے دونگا۔ دنیا نیوز کی جانب سے پوچھے گئے سوال کہ کیا ارکان اسمبلی کے استعفوں کا فرانزک آڈٹ کرایا جائیگا؟ کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کل معاملے پر قانونی پہلو کا جائزہ لے کر فیصلہ کرینگے۔
خیال رہے کہ لیگی اراکین اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی اور موقف اختیار کیا کہ اپنا استعفیٰ براہ راست سپیکر آفس کو نہیں، صرف قیادت کو بھجوایا تھا، منظور نہ کیا جائے۔
مرتضیٰ جاویدعباسی نے این اے 15 اورمحمد سجاد نے این اے 14 سے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کروائے تھے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق کے لئے دونوں لیگی ایم این ایز کو طلب کیا تھا۔
سپیکر نے استفسار کیا کہ آپ دونوں کے استعفے میرے پاس پہنچے ہیں، کیا ان کی تصدیق کرتے ہیں؟ دونوں اراکین نے کہا کہ اپنے استعفے صرف مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے پاس جمع کراوائے تھے، فی الحال استعفے منظور نہ کیے جائیں۔
میڈیا سے گفتگو میں سپیکر اسد قیصر نے کہا تھا کہ دونوں اراکین کے استعفوں کے حوالے سے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے۔ اگر مزید اراکین کے استعفیٰ بھی آئے تو ان پر بھی قانون کے مطابق ہی کارروائی ہو گی۔