اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس موقع پر قیاس آرائیاں نامناسب ہیں، ہم پی ڈی ایم اجلاس میں بلاول اور پیپلز پارٹی کو موقع دیں گے، ان کی تجاویز سنیں گے، پھر فیصلہ کریں گے۔
اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کیساتھ اہم ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ یکم جنوری کو اہم اجلاس شیڈول ہے۔ اتحاد میں شامل تمام اپوزیشن جماعتیں مشاورت سے آگے چلیں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ سربراہی اجلاس میں جو سب کا فیصلہ وہی سب کا ہوگا۔ پی ڈی ایم نظریاتی انداز کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ بلاول بھٹو کا موقف سربراہی اجلاس میں سنیں گے، اس سے پہلے قیاس آرائیاں مناسب نہیں ہیں، مفروضوں پر کچھ نہیں کہوں گی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی خود کہہ چکے ہیں کہ سی ای سی کی سفارشات پی ڈی ایم کے سامنے رکھیں گے۔ سربراہی اجلاس میں مشاورت کے بعد فیصلے کیے جائیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کیساتھ ملاقات میں اہم معاملات پر گفتگو اور خواجہ آصف کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ گزشتہ رات میری نواز شریف سے بھی بات ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی گرفتاری انتقامی سیاست کا تسلسل ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ گرفتاریاں چھوٹی باتیں، ہم نے ان کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالا ہوا ہے۔ ان کا احتساب غیر موثر، اب وہ ہمارے احتساب کے شنکجنے میں ہیں۔ پی ڈی ایم کا مستقبل جمہوریت ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گڑھی خدا بخش میرا جانے کا کوئی پروگرام نہیں تھا اور نہ ہی مجھے دعوت ملی تھی۔ پارٹی کی جانب سے عبدالغفور حیدری گئے تھے۔