خواجہ آصف کو چھوڑنا پڑے گا، ورنہ حالات خراب ہو سکتے ہیں: مریم نواز شریف

Published On 29 December,2020 09:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے پارٹی کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف کی گرفتاری پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں چھوڑنا پڑے گا، ورنہ حالات خراب ہو سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کو گرفتار کرکے ہمیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکومت کے جانے کا خوف ان کے چہروں سے نظر آ رہا ہے۔ کل پی ڈی ایم کی میٹنگ ہے، گرفتاری پر ردعمل آئے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شکست سے خوفزدہ ہو کر ایسے فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تمام ممبران کے استعفے ہمیں مل چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بار بیان بازی نہیں فیصلے ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کا اعلامیہ آنے تک کوئی بات نہیں کروں گی۔ ذرائع سےآنے والی خبریں پیپلز پارٹی نہیں کوئی اور ریلیز کرتا ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ نیب کو آٹا، چینی اور ایل این جی چور نظر نہیں آرہے۔ نیب کو بلین ٹری سونامی اور ادویات سکینڈل نظر نہیں آ رہا۔ چیئرمین نیب ہم نے لگایا تھا، اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ کھلی دہشتگردی کریں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی پارٹی میں شرارت کوئی اور لوگ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت کی کیا حیثیت کہ وہ نوازشریف کو واپس بلائے۔ پہلے نواز شریف کو بھیجنے کی، اب لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نواز شریف کے آنے کا وعدہ نہیں کیا تھا، مکمل صحتیاب ہو کر آئیں گے۔