کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے علاقے مچھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 11 کان کن جاں بحق، 4 زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ نامعلوم دہشت گردوں نے کان کنوں کو پہاڑوں پر لے جا کر ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 11 کان کن جاں بحق ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا، پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے ہیں۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق زیر علاج 4 کان کنوں کی حالت بھی تشویشناک ہے تاہم ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ ڈی سی کچھی مراد کاسی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مچھ کے علاقے گشتری میں پیش آیا, علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچنگ اور سوئپنگ کا عمل جاری ہے۔