اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے اقوام متحدہ پرزودریا ہے کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور سیاسی رہنما آسیہ اندرابی کی بھارتی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید سے فوری رہائی کیلئے اقدامات کرے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے آج ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے آسیہ اندرابی کی فوری رہائی کیلئے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنیوا میں انسانی حقوق کے بارے میں عالمی ادارے کے ہائی کمیشن سے رابطہ کیا ہے۔
مطالبے میں یہ بات واضح طورپر کہی گئی ہے کہ گزشتہ سال اٹھارہ جنوری کو ایک نام نہاد عدالت کی جانب سے کارروائی کے بعد آسیہ اندرابی کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
بھارت نے انھیں کالے قانون کے تحت بے بنیاد الزامات کی پاداش میں غیرقانونی اور غیرانسانی طورپر پندرہ سال سے قید میں رکھا ہوا ہے جس کا مقصد کشمیری عوام پرظلم وجبر کے ذریعے مقبوضہ جموں وکشمیر پراپنے غیرقانونی تسلط کو مضبوط بنانا ہے۔
پاکستان نے اقوام متحدہ پرزوردیا ہے کہ وہ آسیہ اندرابی ، ان کے شوہر اور ساتھیوں کے خلاف بے بنیاد الزامات منسو خ کرنے اور انھیں مکمل قانونی تحفظ فراہم کرنے کیلئے بھارت پردبائو ڈالے۔
پاکستان نے عالمی ادارے پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی جیلوں میں موجود تمام قیدیوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے اور اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کے قیام سمیت کشمیر کے بارے میں انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد کرے ۔