لاہور: (دنیا نیوز) لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان 31 جنوری سے پہلے استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، تاریخی لانگ مارچ ہوگا، نااہل حکمرانوں کو گھر بھیجنا 22 کروڑ عوام کی ضرورت ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت انتقامی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، شہباز شریف نے تمام اثاثے ظاہر کیے، حکومت شہباز شریف پر ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے لندن میں پاکستان کے 4 ارب روپے ڈبو دیئے، جتنی مالیت کے فلیٹ نہیں ہیں، اس سے زیادہ رقم خرچ کر دی گئی، نیب پر مقدمہ کون بنائے گا، پاکستان کے زرمبادلہ کا نقصان کون پورا کریگا ؟۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مچھ میں کان کنوں کو قتل کیا، وزیر داخلہ کہہ رہے ہیں دہشتگردی ہونیوالی ہے، قوم تیار رہے، حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہوچکی، آپ کس مرض کی دوا ہیں ؟ حکومت کا کام ہے دہشتگردی روکے، شیخ رشید کو ملکی سیکیورٹی پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو تباہ کر دیا گیا، بجلی کی قیمت میں اضافے سے لوگوں کی چیخیں نکل جائیں گی، نااہل حکومت کو گھر بھیجنا 22 کروڑ عوام کی ضرورت ہے، یہ حکومت پاکستان میں لطیفہ حکومت بن چکی، حکومت جھوٹے الزامات لگا کر ناکامیوں پر پردہ ڈال رہی ہے۔