پی ڈی ایم جلسوں کے ذریعے کورونا کو 'دعوت' دے رہی ہے: گورنر پنجاب چودھری سرور

Published On 04 January,2021 10:57 am

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جلسوں کے ذریعے کورونا کو 'دعوت' دے رہی ہے، ہر اپوزیشن جماعت اپنا فائدہ چاہتی ہے، ان کو عوام کی فکر نہیں۔

گورنر پنجاب چودھری سرور سے اراکین اسمبلی سردار مہندرپال اور عابدہ راجہ نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر چودھری سرورکا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان 31 جنوری سے پہلے استعفیٰ دینگے نہ ہی بعد میں، عمران خان بطور وزیراعظم اور حکومت دونوں اپنی آئینی مدت مکمل کریں گے۔

چودھری سرور کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جماعتیں ایک دوسرے سے  ہاتھ  کر رہی ہیں، ہر اپوزیشن جماعت بس اپنا  فائدہ  چاہتی ہے، ان کو عوام کی فکر نہیں، انشاء اللہ سینٹ اور عام انتخابات دونوں اپنے وقت پر ہی ہوں گے، موجودہ حکومت نے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ہ، آج تمام عالمی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کر رہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان آج جب کامیابی سے آگے جا رہا ہے تو اپوزیشن کو یہ برداشت نہیں ہو رہا، سیاسی مخالفین جمہوریت اور حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں، پی ڈی ایم سیاسی مفادات کیلئے عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے، اگر مخالفین سمجھتے ہیں جلسوں سے حکومت دباؤ میں آئیگی تو یہ کبھی نہیں ہوگا۔