اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ گزشتہ برس کی طرح سال نو بھی پاکستان کے عوام کے نام ہوگا، ریاست مدینہ کے خواب کو اب حقیقت بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ ہم بدل رہے ہیں پاکستان، وزیراعظم نے سال نو کے پہلے روز غریبوں کیساتھ پناہ گاہ میں وقت گزارا، رواں سال بھی معاشی محاذ پر کامیابیوں کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ سٹاک مارکیٹ ڈھائی سال کی بلند ترین سطح پر، انڈیکس 44 ہزار 400 سے اوپر، 680 پوائنٹس کا اضافہ، دسمبر 2020 کے دوران برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا، ایف بی آر نے ٹیکس کولیکشن کا ہدف 99.7 فیصد تک حاصل کرلیا۔
ادھر معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم قیادت ایک بار پھر استعفوں کی ردی ایک دوسرے کو دکھا کر دل پشوری کرتی رہی، زرداری کا جادو خوب چلا، کرپشن کے بے تاج بادشاہ نے کمال مہارت سے پی ڈی ایم کو ہائی جیک کرتے ہوئے سیاسی بیروزگار ٹولے کا ریموٹ کنٹرول پوری طرح اپنے ہاتھ میں لے لیا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اسمبلی کو جعلی کہہ کر ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کرنے والے اپنا بیانیہ اپنے ہاتھوں دفن کرچکے، قومی سلامتی کے اداروں کو للکارتے فضل الرحمان سوائے مودی کی خدمت کے کچھ نہیں کر رہے، ملک میں انتشار اور خانہ جنگی کے راستے پر نکلے، اس ٹولے کے ناپاک عزائم عوام کبھی پورے نہ ہونے دینگے۔