پی ڈی ایم میں اعتماد کا فقدان، استعفوں پر پیپلزپارٹی اپنا فیصلہ دے چکی: شاہ محمود

Published On 01 January,2021 10:46 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں اعتماد کا فقدان ہے، لانگ مارچ اور استعفوں پر پیپلزپارٹی اپنا فیصلہ دے چکی، پی پی سندھ حکومت کی قیمت دینے کو تیار نہیں، 31 جنوری کو بھی کچھ نہیں ہوگا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے لانگ مارچ کو نواز شریف کی واپسی سے مشروط کر دیا، یہ استعفے نہیں دیں گے، وزیراعظم کے پاس عوامی ووٹ اور ایوان کا اعتماد ہے، وہ مستعفیٰ نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ 31 دسمبر گزر گئی، استعفے نہیں آئے، آج اجلاس میں بھی استعفوں کا فیصلہ ہوتا دکھائی نہیں دیتا، پیپلزپارٹی قیادت نے کہا استعفے جماعتوں کے قائدین کو دیں گے، دیکھنا ہوگا کیا مسلم لیگ (ن) نے بھی فیصلہ کرلیا ؟۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اجلاس اہم ہے تو بلاول کیوں نظر نہیں آ رہے ؟ پیپلزپارٹی میں با اختیار شخصیت آصف زرداری ہیں، فیصلہ آصف زرداری کرتے ہیں، باقی سب مہر لگاتے ہیں، آج پی ڈی ایم اجلاس میں بیانیہ پیش کیا جائے گا، قوم جان چکی پردے کے پیچھے کیا ہے، ہم سیاسی عمل کے قائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درانی صاحب کس کی نمائندگی کر رہیں، جواب وہ دے سکتے ہیں، محمد علی درانی تحریک انصاف کا حصہ نہیں۔