اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 72 سال سے کشمیری یو این قراردادوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں، اقوام متحدہ نے کشمیریوں سے حق خودارادیت کا وعدہ کیا تھا، جو وفا نہ ہوا۔
سینیٹ اجلاس سے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن ایک پیج پر ہیں، مسئلہ کشمیر پر پوری قوم کا ایک ہی مؤقف ہے، مقبوضہ کشمیر کے رہنے والے کرب کی زندگی بسر کر رہے ہیں، تمام جبر و زیادتی کے باوجود کشمیریوں کی کاوشیں جاری ہیں، 9 لاکھ فوج تعینات ہونے کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے نہیں ٹوٹے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت لاک ڈاؤن اور جبر کے باوجود کشمیریوں کے حوصلہ نہیں توڑ سکا، آسیہ اندرابی کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں، اقوام متحدہ میں آسیہ اندرابی کے حق میں آواز بلند کی، حریت رہنما علی گیلانی کو پاکستان کا سب سے بڑا اعزاز دیا، پاکستان کا ہر شہری کشمیریوں کی وکالت کر رہا ہے، کرتا رہے گا۔