اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت دیتے ہوئے وزیر داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ اس معاملے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اہم ملاقات کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو دورہ کوئٹہ پر رپورٹ پیش کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیر داخلہ سے مشاورت کے بعد پی ڈی ایم کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت دیدی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گا۔ کسی کو احتجاج کا شوق ہے، تو پورا کرلے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کا سانحہ مچھ اور اسامہ ستی کے معاملے پر افسوس کا اظہار
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں بابر اعوان نے پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان کا معاملہ اٹھایا۔ بابر اعوان نے اسامہ کے والدین کا مؤقف کابینہ میں پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا ایسے بے رحم لوگ پولیس میں نہیں ہونے چاہیں۔
وفاقی کابینہ نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے پیپرا رولز سے استثنیٰ کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے پریس کونسل آف پاکستان کے ممبران کی تقرری کی بھی منظوری دی۔ 1997 میں اسٹیبلشمنٹ سے متعلق کابینہ کے فیصلہ پر نظرثانی کا معاملہ موخر کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فش پراسیسنگ پلانٹس کی رجسٹریشن سے متعلق انسپکشن کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دیدی گئی۔ نوشہرہ میں ریلوے اور وزارت دفاع کے درمیان کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر کا معاملہ اور کابینہ ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق کمیٹی کے 17 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق موخر کر دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے پاکستان ایکسپو سنٹرز کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری دے دی جبکہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 31 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق کر دی گئی۔