لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے پہلی بار حکومت کی 5 سالہ مدت پوری ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت سے شکوہ نہیں، اپوزیشن سے بات چیت کے معاملات تحریک انصاف ہی دیکھے گی۔
ذرائع کے مطابق چودھری پرویز الہٰی نے یہ بات گورنر پنجاب چودھری سرور کیساتھ ملاقات کے موقع پر کی۔ گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے کھل کر ملک کے سیاسی معاملات پر بات کی۔ گورنر اور پرویز الہٰی کی ملاقات میں مفاہمتی معاملات حاوی رہے۔
چودھری پرویز الہٰی کی جانب سے ملاقات کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت مدت پوری کرے گی، بات چیت اور تمام معاملات اسی کے دوران ہوں گے۔ اپوزیشن سے بات چیت کے معاملات تحریک انصاف دیکھے گی۔ جو کچھ بھی ہوگا، وفاقی سطح پر ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ کوئی گلہ شکوہ نہیں، عمران خان گھر آگئے تھے۔
دوسری جانب گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ کوئی دمادم مست قلندر نہیں ہوگا، جلسے جلوس جمہوریت کا حسن ہیں۔ اپوزیشن جلسے نہیں کرے گی تو زندہ کیسے رہے گی؟ اپوزیشن سینٹ اور ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہی ہے۔ گرما گرمی جمہوریت کا حصہ ہے، اپوزیشن نے بھی زندہ رہنا ہے۔