اسلام آباد: (ویب ڈیسک):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت انسداد سمگلنگ کیلئے حکومتی اقدامات کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی شہزاد اکبر، معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹر وقار مسعود خان، کامرس، پیٹرولیم، بحری امور اور داخلہ ڈویژن کے سیکریٹریز، چیئرمین ایف بی آر اور اعلی سول و عسکری حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔
ویڈیو لنک کے ذریعے صوبائی چیف سیکریٹریز، فرنٹئیر کور خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے آئی جی صاحبان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سمگلڈ تیل کی فروخت کی وجہ سے معیشت کو 100 سے 150 ارب روپے سالانہ نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس وقت ملک میں 2094 پیڑول پمپس اسمگلڈ تیل کی فروخت میں ملوث ہیں۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ سمگلنگ کی وجہ سے ملکی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ انسداد اسمگلنگ اقدامات سے محصولات میں اضافہ ہوگا جو کہ غریب عوام کی فلاح پر خرچ ہو سکے گا۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین اقدامات کیے جائیں۔