اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ کرپٹ اپوزیشن عوامی تحریک نہیں چلا سکتی، ساری گیم این آر او کی ہے، کونسی جمہوریت میں آرمی چیف کو حکومت ہٹانے کا کہا جاتا ہے ؟ یہ کچھ بھی کر لیں این آر او نہیں ملے گا، تیاری نہ ہونے کا بہانہ کبھی نہیں بنایا، حکومت سنبھالنے سے پہلے بریفنگ لینے کی بات کی تھی۔ عمران خان کا خصوصی انٹرویو پروگرام ' آن دی فرنٹ ' میں رات سات بج کر 3 منٹ پر نشر کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے احساس پروگرام کے تحت کوئی بھوکا نہ سوئے منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رواں سال نئے پروگرام کا آغاز کرے گی، ہرشہری کو دو وقت کھانے کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
حکومت کا مقصد ملک کو فلاحی ریاست بنانا، پاکستان صحیح سمت میں ترقی کر رہا ہے
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ہمارے اور دنیا کیلئے کورونا کی وجہ سے سال 2020 بہت مشکل رہا، اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے ہم نے کورونا کے خلاف جنگ کا ڈٹ کر موثر مقابلہ کیا، ہم نے نہ صرف اپنے لوگوں کی زندگیاں بچائیں بلکہ انہیں بھوک سے بھی محفوظ رکھا۔
عمران خان نے کہا ہے ہم پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کی جانب بڑھ رہے ہیں، احساس پروگرام سے غریب عوام کو سماجی تحفظ اور صحت کارڈ کی سہولت میسر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2021 میں دو منصوبے مکمل کرنا ان کا عزم ہے، پہلا منصوبہ ملک بھر کے عوام کو صحت کی سہولیات دینا ہے جبکہ دوسرا منصوبہ ہر شہری کو دو وقت کے کھانے کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
خیبرپختونخواہ میں صحت منصوبہ شروع ہو چکا جبکہ پنچاب اور گلگت بلتستان میں جلد شروع ہوگا۔امید ہے کہ ملک کے دوسرے صوبے بھی صحت کے اہم منصوبے کو عملی جامہ پہنائیں گے ۔