اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو اہم ہدف سونپتے ہوئے انھیں ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے جلسوں میں مدارس کے طلبہ کو شرکت سے روکا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر وزیر داخلہ نے اہم اجلاس طلب کر لئے ہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی سربراہی میں علمائے کرام کا بھی اہم اجلاس جمعرات کو ہوگا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کی قیادت میں کمیٹی اہم فیصلے کرے گی۔ اجلاس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی احتجاجی تحریک کے دوران امن وامان کے قیام پر لائحہ عمل طے ہوگا۔
اجلاس میں حکومتی ترجیحات کے حوالے سے علمائے کرام کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ علمائے کرام کے ساتھ باہمی مشاورت کر کے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت امن وامان کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امن وامان کی صورتحال اور شہریوں کے تحفظ پر سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی روابط کو بڑھائیں۔ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔