اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے پاکستان کے دورے پر آئے ترک وزیر خارجہ نے اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاک ترک سیاسی تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں بدلنے اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیمی اور ثقافتی تعاون میں فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کے مسئلہ پر ترکی کی مستقل حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امن وسلامتی کو بھارتی اقدامات سے درپیش خطرات پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے افغانستان میں جاری تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے مثبت کردار پر بات کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فریقین کو جنگ بندی کے خاتمے اور سیاسی سمجھوتہ کے لئے کام کرنے کے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔