سکول کھولنا میری خواہش لیکن حتمی فیصلہ صحت کی بنیاد پر ہوگا، شفقت محمود

Published On 14 January,2021 11:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلمی ادارے کھولنا میری خواہش ہے لیکن حتمی فیصلہ صحت کی بنیاد پر ہوگا۔ جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ وزرائے تعلیم وہیلتھ کا اہم اجلاس بروز جمعہ مورخہ 15 جنوری کو ہوگا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کریں گے اجلاس میں صوبائی وزرائے تعلیم اور معاون خصوصی صحت شریک ہوں گے۔

شفقت محمود کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے جاری بیان میں کہنا تھا کہ وزارت صحت وتعلیم سکول کھلنے سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ سکول کھولنا میری خواہش ہے لیکن حتمی فیصلہ صحت کی بنیاد پر ہوگا۔ طلبہ کی صحت اولین ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا نویں سے بارہویں تک تعلیمی ادارے 18 جنوری سے کھولنے کا اعلان

خیال رہے کہ حکومت نے نویں سے بارہویں تک تعلیمی ادارے 18 جنوری سے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پہلی سے 8 ویں تک تعلیمی ادارے 25 جنوری سے کھولے جائیں گے جبکہ یکم فروری سے یونیورسٹیز میں تدریس کا عمل شروع ہوگا۔

رواں ماہ چار جون کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے معاون خصوصی ڈاکٹر سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ 18 جنوری کو نویں، دسویں گیارہویں اور بارہویں کے تعلیمی ادارے کھل جائیں گے، 25 جنوری سے پرائمری سے آٹھویں تک سکول کھلیں گے، یکم فروری سے یونیورسٹیز میں تدریسی عمل شروع ہوگا، 11 جنوری سے آن لائن لرننگ ہوسکتی ہے، بورڈ کے امتحانات مئی اور جون میں ہوں گے، کورونا کی صورتحال میں بچوں کی صحت کو پہلی ترجیح رکھا۔

یاد رہے تعلیمی ادارے کورونا کے باعث نومبر میں بند کئے گئے تھے، دسمبر کے آخری ہفتے سے 10 جنوری 2021 تک تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلا ت کا اعلان کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی ادارے بند ہونے سے کورونا کیسز میں کمی آئی، ڈاکٹر فیصل سلطان

خیال رہے کہ ان دنوں ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ عالمی وبا کی دوسری لہر میں کافی حد تک ٹھہراؤ آیا ہے، تعلیمی ادارے بند ہونے سے کورونا کیسز میں کمی آئی ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے وفاقی وزیر تعلیم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے سخت احتیاطی اقدامات اٹھائے جن کا تعلق ہمارے تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جیسے بڑے اجتماعات، شادی ہال اور ریسٹورنٹس بند جگہ پر ڈائننگ پر پابندی عائد کی جس کے باعث کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آئی ہے۔

 

Advertisement